بلوچستان بھر میں معدنیات کے بہت بڑے ذخائر ہیں، فلورائٹ کا استعمال بہت اہم ہے، جیالوجیکل سروے
کوئٹہ(یو این اے )جیالوجیکل سروے آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں پائی جانے والی درجنوں معدنیات میں فلورائٹ بھی شامل ہیں۔ اس کا سب سے بڑا ذخیرہ لورالائی ضلع اور اس کے آس پاس کے علاقے سلیمان بیلٹ میں پایا جاتا ہے لورالائی کا فلورائٹ فالٹس اور فریکچر کے ساتھ رگوں میں پھیلے ہوئے دانوں کے طور پر پایا جاتا ہے فلورائٹ گلوبی، نیلے، ہلکے سرمئی، سبز اور پیلے سمیت مختلف رنگوں کے ہوتے ہیں اس لیے اسے دنیا کا سب سے رنگین معدنیات کہا جاتا ہے۔ اس کا بطور زیور بھی استعمال ہوتا ہے فلورائٹ کو ریفائن کرکے ایسڈ گریڈ فلوراسپارمیں تبدیل کیا جاتا ہے جسے مختلف قسم کے کیمیکلز، سیرامکس، کیمیائی صنعتوں کے ساتھ ساتھ لوہے، ایلومینیم اور اسٹیل کی دھاتوں کی تیاری کے عمل میں استعمال کیا جاتا ہے ایک رپورٹ کے مطابق فلوراسپار پگھلی ہوئی دھات سے گندھک اور فاسفورس کو الگ کرتا ہے اور پگھلی ہوئی دھات کی روانی کو بہتر بناتا ہے۔ تیار ہونے والی ہر ٹن دھات کے لیے 9سے 27 کلو گرام فلوراسپار استعمال ہوتا ہے۔


