پاکستان ہمیں ذمے دار ٹھہرا کر مسائل طاقت سے حل کرنا چاہتا ہے تو ایسا نہیں ہوسکتا، افغان وزیر داخلہ
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) امارت اسلامیہ افغانستان کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پیج پر وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی وڈیو اپ لوڈ کی گئی ۔ وڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کا کہنا تھا کہ پاکستان حکومت کے جو مسائل اور مشکلات ہیں ان کو اگر صحیح معنوں سے دیکھا جائے تو وہ افغانستان سے نہیں، یہ پاکستان کا اپنا گھریلو مسئلہ ہے۔ ان کے مسائل کے حل کیلئے امارت اسلامیہ نے اپنے راستے کھلے چھوڑے ہیں اور انہیں کافی وقت دیا ہے۔ لیکن اگر پاکستان اس مسئلے کو طاقت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے تو ایسا نہیں ہوسکتا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہت سی مشترکات ہیں، پاکستان کی ایسی کوششوں سے ان مشترکات کو ضرور نقصان ہوگا۔ پاکستان اپنے مسائل کو اپنے گھر میں حل کرسکتا ہے، امارت اسلامی اس حوالے سے پاکستان کی ہر ممکن مدد کرسکتا ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ خود ان مسائل پر توجہ دے اورا ن کو حل کرے۔ کابل فتح کے بعد یہ مذاکرات شروع ہوئے اور آخری مراحل کو پہنچ چکے تھے لیکن پاکستان میں سیاسی حکومت اور فوجی قیادت تبدیل ہوگئی نئے لوگ آئے اور نئے تجربے پھر سے شروع کردیے اور الٹا افغانستان کی طرف اشارے کرکے ہمیں مورد الزام ٹھہراتے ہیں جبکہ مسائل ان کے گھر کے اندر موجود ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان میں مسائل رہیں، ہم ان کی مشکل کا حل چاہتے ہیں۔ کیونکہ یہ مشکلات افغانستان کیلئے مسائل اور بے اعتمادی پیدا کرتی ہیں۔


