پاکستان میں 6 ستمبر کا دن افواج کی جرأت اور قربانیوں کے طور پر منایا جاتا ہے، میر شفیق الرحمن مینگل
وڈھ باڈڑی (این این آئی) قائد جھالاوان عوامی پینل میر شفیق الرحمن مینگل نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کا دن ہماری بہادر مسلح افواج کی جرأت، عزم مصمم اور ایثار و قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن ہماری فوج کے افسران، سپاہیوں، بحریہ کے جوانوں اور فضائیہ کے شاہینوں نے غیور پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ وطن کا دفاع کر کے دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ میر شفیق الرحمن مینگل نے کہا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ دنیا کو ادراک کرنا چاہئے کہ ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیاء کے عوام کی اقتصادی بہبود اورخوشحالی کیلئے ہے، ہمیں امن کے خاطر اور آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری پرعزم قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری طرح تیار ہیںانہوں نے کہاکہ 6 ستمبر کے اس موقع پر آئیے ہم سب اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کی تجدید کریں کہ اسی جذبے، عزم و استقلال، بے مثال جرأت اور ناقابل تسخیر جذبے کے ساتھ پاکستان کے دفاع، اس کی سلامتی اور خودمختاری کا ہر قیمت پرتحفظ کریں گے جس کا مظاہرہ 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں نے کیا ہے۔


