حق دو تحریک خواتین کے وفد کی اے ڈی سی گوادر سے ملاقات، تعیناتی پر مبارکباد
کوئٹہ (یو این اے) حق دو تحریک کی مرکزی خواتین سیکرٹری کی اپنے وفد کے ہمراہ نو تعینات خاتون اے ڈی سی گوادر سے ملاقات، نیک خواہشات کا اظہار، گوادر میں خواتین سے متعلق معاملات پر گفتگو۔ حق دو تحریک بلوچستان کی مرکزی خواتین سیکرٹری زرگل بلوچ، مادر بلوچ، ماسی زینی نے حق دو تحریک بلوچستان کی دیگر ذمے دار خواتین کے ساتھ گوادر میں تعینات ہونے والے پہلی خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ثنا مہ جبین عمرانی سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مرکزی خواتین سیکرٹری نے نو تعینات خاتون اے ڈی سی گوادر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نشست کے دوران خواتین وفد نے اے ڈی سی گوادر کو خواتین کے بنیادی مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ حق دو تحریک بلوچستان کی مرکزی خواتین سیکرٹری نے خواتین کے دیگر شعبہ جات کے حوالے سے بھی اظہارِ خیال کیا اور ان کی بہتری کے لئے تجاویز بھی دیں۔ اے ڈی سی گوادر نے تمام خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ گوادر میں خواتین کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اے ڈی سی گوادر نے حق دو تحریک بلوچستان کے پلیٹ فارم پر خواتین کے جذبے اور حوصلے کی قدر کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی خواتین نے اپنے حقوق کی جدوجہد میں پورے ملک میں مثال قائم کی، ضلعی انتظامیہ ان کے ہر جائز مطالبات کے حل کے لئے ہر ممکن کوششیں کرے گی۔


