عیدالاضحی کیلئے ایس اوپیز کی تیاری کے سلسلے میں لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت

اسلام آباد:کورونا وبا سے محفوظ عید الاضحیٰ کیلئے SOPs کی تیاری کیلئے وزارتِ مذہبی امور میں علماء و مشائخ کیساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، پارلیمانی سیکریٹری مذہبی امور آفتاب جہانگیر سمیت چاروں صوبوں،گلگت بلتستان،اور آزادکشمیر سے صوبائی حکومتی ارکان اور علماء کرام کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وبا کی وجہ سے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی اموات اور صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر مویشی منڈیوں اور عید الاضحیٰ کے اجتماعات کو محفوظ بنانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اگر مؤثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے اس وبا کے حوالے سے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان اس بیماری کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اور ملک بھر سے نمائندہ علماء کرام اور مشائخ عظام نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں