ترکیہ کے شمالی عراق میں ڈرون حملے، کردستان ورکرز پارٹی کے 4 ارکان جاں بحق

انقرہ (این این آئی) شمالی عراق میں ترکیہ کے ایک ڈرون حملے میں کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے چار ارکان جاں بحق ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے خودمختار علاقے کردستان کی انسداد دہشت گردی کی خدمات نے ایک بیان میں کہا کہ کوہِ سنجار پر جل میر کے علاقے میں ترک فوج کے ایک ڈرون نے کردستان ورکرز پارٹی کے ایک سینیر عہدہ دار اور تین جنگجوﺅں کو نشانہ بنایا۔پی کے کے نے گذشتہ چار دہائیوں سے ترکیہ کے جنوب مشرقی علاقے میں ریاست کے خلاف مہلک بغاوت برپا کررکھی ہے اور یہ مسلح تنازع سرحد پار شمالی عراق تک پھیل چکا ہے جہاں کرد جنگجوں نے اپنے خفیہ ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔ترک فوج عراق میں اپنے حملوں پر شاذ ہی تبصرہ کرتی ہے لیکن خود مختار کردستان کے ساتھ ساتھ ضلع سنجار میں پی کے ٹھکانوں کے خلاف باقاعدگی سے کارروائیاں کرتی رہتی ہے۔سنجار یزیدی اقلیت کا مرکز ہے اور یہ ایک مقامی یزیدی تحریک کا بھی گڑھ ہے جو پی کے کے کے سنجار مزاحمتی یونٹس کے نام سے معروف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں