آزادی کی تحریک دہشتگردی نہیں، کشمیر بھارت کا نہ کبھی تھا نہ کبھی ہوگا، صائمہ سلیم
نیویارک (این این آئی) اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی نمائندہ صائمہ سلیم نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر بھارت کا نہ کبھی تھا نہ کبھی ہوگا، آزادی کی تحریک دہشت گردی نہیں۔ گزشتہ روز اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی مشن کی نمائندہ صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی مظالم اور پابندیوں کے باوجود کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔قونصلر صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت جائز اور قانونی ہے۔انہوںنے کہاکہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت جواب دہ ہے، بھارت دہشت گردی کا شکار نہیں بلکہ اس کا اسپانسر ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستان سمیت خطے کے ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارتی دہشت گردی کی فرنچائز اب عالمی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ میں صرف مسیحیوں پر 525 حملے کئے گئے۔قونصلر صائمہ سلیم نے کہا کہ دنیا بھارت کو اسٹریٹجک وجوہات پر چھوٹ دینا بند کردے۔


