کوئٹہ میں پاکستان سے سعودی عرب جانیوالے ہنر مندوں کا اسکل ویر فکیشن ٹیسٹ

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل حسین بخش مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب جانیوالے تربیت یافتہ ہنر افراد کا صوبائی دارالحکومت میں پہلی مرتبہ اسکل ویریفکیشن پروگرام کے تحت ٹیسٹ انقلابی اقدام ہے جس سے روزگار کیلئے سعودی عرب جانے والے افراد کا نہ صرف قیمتی وقت بچے گا بلکہ انہیں انتہائی کم فیس کے عوض ویریفکیشن سرٹیفکیٹ بھی مل جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کوئٹہ میں نیو ٹیک اور سعودی ادارے تکامل کے زیر اہتمام اسکل ویریفکیشن پروگرام کے تحت مختلف شعبوں کے ہنر مند افراد کے تحریری و پریکٹیکل ٹیسٹ کا معائنہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ایم ڈی بی ٹیوٹا محمد جان ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا غلام رضا ‘ ڈائریکٹر مین پاور ٹریننگ ارشاد احمد ‘ پرنسپل ٹی ٹی سی کوئٹہ شعیب انور شیرازی ‘ریجنل انچارج اوو رسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن خلیل منگی ‘ ڈائریکٹر نیو ٹیک شیر احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیو ٹیک عدنان حمید بھی موجود تھے۔ڈی جی نیو ٹیک نے کہا کہ ماضی میں یہ ٹیسٹ سعودی عرب میں منعقد ہوتا تھا جس کے تحت امیدوار سے 400ڈالر لئے جاتے تھے جبکہ نیو ٹیک اور تکامل کے اشتراک سے پہلی مرتبہ پاکستان میں ہی اس ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور امیدواروں سے نہ ہونے کے برابر فیس لی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ٹیسٹ کا انعقاد جاری رہے گا ڈائریکٹر مین پاور ٹریننگ ارشاد احمد اور پرنسپل ٹی ٹی سی کوئٹہ شعیب انور شیرازی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے اہم ٹیسٹ کیلئے ٹی ٹی سی کوئٹہ کا انتخاب اعزاز کی بات ہے ہم آئندہ بھی ملکی و قومی سطح پر نہ صرف ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں رہیں گے بلکہ اس قسم کے تحریری و پریکٹیکل امتحانات کیلئے اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں