پاکستان معاشی طور پر شدید ترین مشکلات شکار ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(یو این اے )گورنربلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے کہاہے کہ پاکستان معاشی طور پر شدید ترین مشکلات شکار ہے اور اسی مشکل ترین صورتحال نکلنے کیلئے ہمیں روایتی راہ سے ہٹ کر ٹھوس اور مشکل فیصلے کرنے ہونگے. درپیش معاشی بحران کو چیزوں کی قیمتیں بڑھانے، ٹیکس لگانے اور خوراک میں بچت کرنے جیسی معمولی اصلاحات سے حل نہیں کیا جا سکتا. یہ بات یقین کے ساتھ کی جا سکتی ہے کہ بلوچستان میں بلیو اکانومی کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے پاکستان کی تمام معاشی مشکلات فوری طور پر حل ہو سکتی ہیں. یہ بات انہوں نے گورنر ہاس کوئٹہ میں اسٹشن کمانڈر پاکستان نیوی کوئٹہ کیپٹن محمد عبداللہ صدیقی کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ بلوچستان کی سات سو کلومیٹر سے زائد طویل ساحلی پٹی سے خاطرخواہ استفادہ نہیں لیا جا سکا. پورے خطے میں گہرے پانیوں کی واحد بندرگاہ ہونے کے علاوہ بلوچستان کا ساحل سمندر اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے. تمام پولیٹکل اکانومی کے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ بلوچستان جغرافیائی محل وقوع اور اسٹریٹیجک اہمیت کے حوالے سے بلوچستان کا علاقہ مستقبل میں ایک اہم انٹرنیشنل مرکز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے. ضروری ہے کہ ان معاملات کو سنجیدگی سے دیکھا جائے، ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے اور مقامی آبادیوں کے حقوق اور مفادات کو کلیدی اہمیت دی جائے۔


