نگراں حکومت کے پاس ریکوڈک کے حکومتی شیئر فروخت کرنےکا قانونی اختیار نہیں، رضا ربانی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ رضاربانی کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کے پاس ریکوڈک کے حکومتی شیئر فروخت کرنےکا قانونی اختیار نہیں ہے۔ ایک بیان میں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ شیئر کی فروخت طویل مدتی معاشی فیصلے ہیں، جن کا نگران حکومت کے پاس مینڈیٹ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس معاملے کا نوٹس لے۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن 90 دن میں الیکشن کا انعقاد نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، الیکشن کی تاریخ کے اعلان میں تاخیر سیاسی عدم استحکام اور معاشی غیریقینی پیدا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اب حلقہ بندی کا بہانہ نہیں ہے، الیکشن کمیشن فوری طور انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔ سابق چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی پارلیمانی نگرانی کرنا سینیٹ کی آئینی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں