بلوچستان اور کے پی کے ماحولیاتی نمونوں میں افغان پولیو وائرس کی تصدیق

اسلام آباد(صباح نیوز) صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ماحولیاتی نمونوں میں ایک بار پھر پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔وفاقی حکام کے مطابق پشاور کے علاقے شاہین مسلم ٹاؤن کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پشاور میں اس سال اب تک 13ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔وفاقی حکام کے مطابق پشاور میں پایا جانے والا پولیو وائرس افغانستان میں موجود وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔دوسری جانب صوبہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اس سال پشین اور ڈیرہ بگٹی میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا۔ڈیرہ بگٹی میں پایا گیا پولیو وائرس قندھار افغانستان کے پولیو وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔حکام کا بتانا ہے کہ پاکستان میں اب تک 35ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں