الیکشن کمیشن کا مجوزہ ضابطہ اخلاق کے حوالے سے اجلاس، سیاسی جماعتوں کی شرکت
کوئٹہ (آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں، انتخابی امیدواروں اور الیکشن ایجنٹوں کیلئے مجوزہ ضابطہ اخلاق کے حوالے سے مشاورتی اجلاس میں ملک کے تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔جس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سینیٹر سردار شفیق ترین اور پنجاب سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ ایمل خان مندوخیل نے شرکت کی۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پچھلے انتخابات میں منظم بدترین دھاندلی پر تفصیلی بحث کی، حالیہ جانبدارانہ حلقہ بندیوں پر تحفظات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیاگیا کہ انتخابات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مداخلت بند کرکے صاف و شفاف انتخابات منعقد کرائے جائیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ صاف و شفاف انتخابات منعقد کرانے اور تمام تحفظات دور کئے جائینگے۔


