سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کیلئے پاکستان اور جاپان کے درمیان معاہدے پر دستخط
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اقتصادی امور ڈویژن میں "سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی تعمیر نو کے پروگرام” کے حوالے سے پاکستان اور جاپان کی حکومتوں کے درمیان کرنسی کے تبادلے اور گرانٹ کے معاہدے پر دستخط کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔حکومت جاپان نے 794 ملین جاپانی ین (تقریبا 5.3 ملین امریکی ڈالر) کی مالیت کی امدادی گرانٹ کے ذریعے حکومت پاکستان کو دی ہے۔ جس کا مقصد سندھ میں 2022 میں آنے والے سیلاب اور مون سون کی شدید بارشوں سے تعلیمی بنیادی ڈھانچے میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔ صوبے کے چھ اضلاع میں کل نو مکمل طور پر تباہ شدہ اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔ اس گرانٹ کے تحت، اسکولوں کی تباہ شدہ عمارتوں کی تعمیر نو سے طلباکے لیے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور تعلیم تک لڑکیوں کی رسائی کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔پراجیکٹ کے نوٹ پر ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری، اقتصادی امور ڈویژن اور پاکستان میں جاپان کے سفیر محترم واڈا میتسوہیرو اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے دستخط اور تبادلہ کیا۔ گرانٹ کے معاہدے پر سعید اشرف صدیقی، جوائنٹ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن اور چیف نمائندہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی جیکا، کینو شیتا یاسو ٹمسو نے دستخط کیے۔ڈاکٹر کاظم نیاز نے دونوں فریقین کے مابین مزید بامعنی تعاون کے لیے تمام اہم سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ حکومت اور جاپان کے عوام کو ان کی عظیم حمایت پر سراہا۔ سفیر واڈا میتسو ہیرو، پاکستان میں جاپان کے غیر معمولی سفیر پوٹینشری نے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا یقین دلایا۔


