بچوں کی ہلاکتوں پر الاقصی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کا صبر جواب دے گیا
مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)اسرائیلی فوج کی بمباری سے معصوم بچوں کی شہادتوں پر الاقصی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کا صبر جواب دے گیا۔خاتون ڈاکٹر اسرائیلی فوج کی بربریت دیکھ کر میڈیا کے سامنے رو پڑیں اور دہائیاں دیتی نظر آئیں۔ایک حملے میں 500فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں دوسرا بڑا حملہ کردیا۔اسرائیلی فوج نے آدھے گھنٹے تک اسپتالوں کے قریبی علاقوں میں بم برسائے۔ اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 3700سے زیادہ ہوگئی۔غزہ کے مزید اسپتالوں کو بھی اسرائیل نے نشانے پر رکھ لیا اور ایک ہی روز میں مزید 433فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق القدس اور الشفا اسپتال اور ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر کے قریبی علاقوں پر 30منٹ تک بمباری کی گئی جبکہ غزہ سٹی اور جنوبی علاقوں میں بھی رہائشی عمارتوں پر تازہ حملے کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں عورتوں اور بچوں سمیت مزید کئی فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں مغربی کنارے کے علاقوں رملہ اور نابلوس میں بھی اسرائیلی فورسز نے 5فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔غزہ میں 7اکتوبر سے اب تک 3ہزار 700سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 12 زار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے میں 7اکتوبر سے اب تک 69فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔


