لیکچرز کی بوگس تعیناتی کرنے والا جمیل سومرو اشتہاری قرار

کوئٹہ( این این آئی) بلوچستان کے محکمہ کالجز میں بوگس لیکچررز کی تعیناتی کے اسکینڈل کے مرکزی کردار جمیل سومرو کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا گیا، ملزم کا نام ای سی ایل میں بھی ڈال دیا گیا ،جمیل سومرو کی محکمہ کالجز میں تعیناتی کے احکامات بھی جعلی ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔ڈائریکٹرمحکمہ اینٹی کرپشن عبدالواحد کاکڑ نے بتایا کہ 11مارچ 2022کو بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے جعلی نوٹیفیکیشن کی روشنی میں پندرہ خواتین کی تعیناتی کے بوگس احکامات جاری ہوئے تھے ،یہ خواتین ایک سال تک تنخواہیں لیتی رہیں ، محکمہ اینٹی کرپشن نےمعاملے کی تحقیقات کے بعد محکمہ کالجز کے چار ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسکینڈل کے سرغنہ کا سراغ لگا یا ،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے بتایا کہ بوگس لیکچررز کی تعیناتی کے معاملے کا سرغنہ جمیل سومرو اور ان کی اہلیہ روپوش ہیں جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ،عدالت کی جانب سے جمیل سومرو کو اشتہاری ملزم قرار دینے کے بعد ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے انکشاف کیا کہ جمیل سومرو کی محکمہ کالجز میں تعیناتی کے احکامات بھی جعلی ثابت ہوئے ہیں جس کی تحقیقات محکمہ کالجز کررہا ہے ،جعلی نوٹیفیکیشن کے ذریعے جن خواتین کو محکمہ کالجز میں تعینات کیا گیا ان میں سے ایک ملزم جمیل سومرو کی اہلیہ بھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں