ورلڈکپ،پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 271زنز کا ہدف

چنئی (مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی ورلڈکپ کے 26 ویں میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 271رنز کا ہدف دے دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کو باولنگ کی دعوت دی ، پاکستان کی پوری ٹیم 46.4اوورز میں 270رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس میں سعود شکیل 52 ، بابراعظم 50 اور شاداب 43 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن دونوں کھلاڑی ہی متاثر کن آغاز فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئے اور پویلین لوٹ گئے، عبداللہ شفیق 9 رنز جبکہ امام الحق 12 سکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔ان کے بعد آنے والے محمد رضوان بھی آج اہم ترین میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور صرف 31 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے۔قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد افتخار باونڈری پر چھکالگانے کی کوشش میں 21 رنز پر کیچ آوٹ ہو گئے۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے امیدیں وابستہ تھیں اور وہ نصف سینچری بنا چکے تھے لیکن شمسی کی گیند پر انہوں نے لیگ سائیڈ سے پیچھے کی جانب کٹ لگانے کی کوشش کی لیکن گیند سیدھی کیپر کے ہاتھوں میں جاگری، باولر نے آوٹ کیلئے اپیل کی لیکن ایمپائر نے ناٹ آوٹ دیا ، جنوبی افریقہ نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت ہوا، گیند بابراعظم کے بیٹ کو معمولی کی ٹچ ہوتی دکھائی دی جس پر تھرڈ ایمپائر نے آوٹ دیدیا۔کپتان بابراعظم کے بعد شاداب خان نے اینٹری ماری اور سعودشکیل کے ساتھ اچھی پارٹنر شپ قائم کی لیکن وہ 43 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے۔سعود شکیل نے 52 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کو بڑی سپورٹ فراہم کی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ آج چنئی کے سٹیڈیم میں کھیلا جا رہاہے جہاں آج صبح ہلکی پھلکی بوندا باندی بھی ہوئی تاہم بعدازاں سورج نکل آیا لیکن تیز ہواوں کا سلسلہ جاری ہے۔جنوبی افریقہ کے باولر تبریز شمسی اور مارکو جانسن قہر بن کر برسے اور انہوں نے پاکستان کے 4 اور 3 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی دو وکٹیں جیرلڈ نے حاصل کیں۔پاکستان کی پلئنگ الیون میں امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور حارث رو?ف شامل ہیں۔قومی ٹیم میں آج2 اہم تبدیلیاں کی گئیں ہیں، حسن علی بیمار ہونے کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں ہو سکے ان کی جگہ وسیم جونیئر نے لی ہے جبکہ اسامہ میر کی جگہ محمد نواز کو شامل کیا گیا ہے۔