کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان نے بنگلا دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ 2023ءکے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ میں خود کو شامل رکھا ہے۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔محمود اللہ 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان نے بنگلادیش کا 205 رنز کا ہدف با آسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے شامل تھے۔ بنگلادیش کیخلاف کامیابی پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں تیسری کامیابی ہے۔ پاکستان اور بنگلادیش نے 7 میچز کھیلے ہیں پاکستان کو 3 میں کامیابی جبکہ بنگلادیش صرف ایک میچ جیت سکا جس کے بعد وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔