کرکٹ ورلڈ کپ، بھارت نے جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دیدی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ کے 37 ویں میچ میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل آٹھویں کامیابی حاصل کرلی۔ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے، ویرات کوہلی 101 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ اس کے علاوہ شریاس ائیر نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ کپتان روہت شرما 40، شبمن گل 23 اور سوریا کمار یادیو نے 22 رنز بنائے، کے ایل راہول 8 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جبکہ رویندرا جڈیجا 29 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن، کگیسو رباڈا، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کے 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 28 ویں اوور میں صرف 83 رنز پر آل آﺅٹ ہوگئی، مارکو یانسن 14 اور وین ڈر ڈوسین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں