انضمام کے بعد مورنی مورکل نے بھی پی سی بی سے راہیں جدا کرلیں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولنگ کوچ مورنی مورکل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے راہیں جدا کرلیں، مورکل نے کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مورکل کے معاہدے میں توسیع نہیں کی جارہی۔ مورکل کا پی سی بی کے ساتھ ورلڈکپ تک ذمہ داریاں سنبھالنے کا معاہدہ تھا۔اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ باولنگ کوچ مورنی مورکل نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ مورنی مورکل نے لیگز میں مصروفیت کے باعث استعفیٰ دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر میں قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کیلئے سابق کرکٹر عمرگل کو باولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔پی سی بی کی جانب سے 17 جون سے 6 ماہ کیلئے مورنی مورکل کے ساتھ معاہدے کا اعلان کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم دسمبر میں ‘بیناڈ قادر ٹرافی’ کھیلنے آسٹریلیا روانہ ہوگی جہاں 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔