یوٹیلٹی سٹورز نے عوام پر ایک اور مہنگائی بم گرا دیا، مختلف اشیاء 45 روپے تک مہنگی
لاہور:یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن آف پاکستان نے عوام پر ایک اور مہنگائی بم گرا دیا۔ مختلف اشیا کی قیمتوں میں 45 روپے تک اضافہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر فروخت ہونے والے مختلف برانڈ کے مشروبات، مصالحہ جات، بسکٹس، سویاں، نوڈلز سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں میں 2 روپے سے لے کر 45 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سب سے زیادہ اضافہ مختلف برانڈز کی لال مرچ کی قیمت میں 45 روپے تک کا کر دیا گیا، مختلف برینڈ کے مشروبات کی قیمت میں دو روپے سے 12 روپے تک کا اضافہ کیا گیا۔یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف کمپنیوں کے بسکٹ 2 سے 4 روپے تک مہنگے کر دئیے گئے۔ مختلف کمپنیوں کے نوڈلز کی قیمت میں 12 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔ یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف کمپنیوں کے مصالحہ جات کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آئے روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے سے سٹورز کی افادیت ختم ہوتی جارہی ہے: حکومت نے اگر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینا ہے تو یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرے۔


