بھٹو والا معاملہ دہرانے کی کوشش کی جا رہی ،عمران خان کو سزائے موت بھی ہو سکتی ہے، علیمہ خان
راولپنڈی (صباح نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ سائفر کیس کا ہائیکورٹ سے سٹے آرڈر ہوگیا ، یہ وہ دفعات لگائی جارہی ہیں جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کو سزائے موت بھی ہوسکتی ہے،کوئی بھٹو والا معاملہ دہرانے کی کوشش کر رہا ہے تو اب وقت بدل چکا ہے ۔راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بتایا جائے پی ٹی آئی چیئرمین نے کیا ایسا جرم کیا جس پر یہ دفعات لگائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین پر کیس کیا، پاکستان میں انصاف ملنا چاہیے، اگر یہاں انصاف نہیں ملتا تو ڈونلڈ لو کیخلاف امریکہ جا کر کیس کریں گے،ڈونلڈ لو نے جو پیغام بھیجا سابق وزیراعظم نے بہترسمجھا کہ عوام کو بتائیں ، علیمہ خان نے کہا کہ انہیں اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل بھائی نے بتایا کہ سائفر سازش میں امریکی سفارتخانہ پوری طرح ملوث تھا، امریکی سفیر ڈونلڈ لو کے خلاف امریکی عدالتوں میں کیس کریں گے۔علیمہ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بالکل اچھی صحت میں ہیں، انہوں نے بتایا اچھی روٹین بنی ہوئی ہے ، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کھانے کی کوئی شکایت نہیں کی گئی۔


