سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض مینز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیف سلیکٹر مقرر

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی مینز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہاب ریاض کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونے والی 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ وہاب ریاض نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ ،91 ون ڈے اور 36ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور 1200 رنز بنائے۔ وہ تین عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے ان پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں