فضائی آلودگی کی خراب صورتحال، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا

کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خراب، کراچی آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔آج کراچی کا ایئرکوالٹی انڈیکس239 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق شہر میں شمال مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے اور فضائی معیار آلودہ ہونے سے اسموگ ہو رہی ہے۔ کراچی کے بعد دوسرا نمبر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا ہے جہاں ایئرکوالٹی انڈیکس 196 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تیسرے نمبر پر لاہور ہے جہاں کا ایئرکوالٹی انڈیکس 191 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ فضائی آلودگی کی روک تھام کے لیے پنجاب حکومت کے حکم کے تحت آج لاہور سمیت پنجاب کے10 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاو¿ن کیا گیا، اسمارٹ لاک ڈاو¿ن کے تحت تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی دی گئی تھی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسموگ سے مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں ، سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں کھانسی، نزلہ، زکام اور پھیپھڑوں کے انفیکشن سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کا رش معمول سے زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں