اسرائیلی فوج کا محاصرہ جاری، عالمی ادارہ صحت نے الشفا اسپتال کو ”ڈیتھ زون“ قرار دیدیا
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کی طرف سے غزہ کی پٹی کے الشفاءہسپتال کو "ڈیتھ زون” قرار دینے کے بعد الشفاءہسپتال کا ابھی بھی اسرائیلی فوج نے محاصرہ کر رکھا ہے۔ العربیہ نے اتوار کے روز تصدیق کی کہ اسرائیلی فورسز نے اب بھی ہسپتال کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کے متعدد اہلکار اب بھی کمپلیکس کے اندر موجود ہیں۔ جبکہ فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ 120 زخمی طبی عمارت کے اندر قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے ساتھ ہیں۔ تاہم وزارت صحت نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ دوسری طرف غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں کے ڈائریکٹر نے تصدیق کی کہ محصور ہسپتال سے 31 قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو نکال لیا گیا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا اندازہ ہے کہ تقریباً 2,300 لوگ اب بھی میڈیکل کمپلیکس میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس نے کل شام ہفتے کو دیر گئے اعلان کیا کہ اس نے ہسپتال میں ایک تشخیصی مشن کی قیادت کی ہے، جو کئی دنوں سے محصور پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کی تنظیم نے وضاحت کی کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے اسے خالی کرنے کا حکم دینے کے بعد اسسمنٹ ٹیم کمپلیکس میں گئی لیکن سکیورٹی کی صورتحال کے باعث اس نے ہسپتال کے اندر صرف ایک گھنٹہ گذارا۔ انہوں نے اسے ایک "ڈیتھ زون” قرار دیا اور اسے وہاں کی صورت حال کو المناک قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ "بقیہ مریضوں، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو فوری طور پر نکالنے کے لیے فوری منصوبے تیار کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔


