اسرائیل کا الشفا ہسپتال میں آپریشن جاری رکھنے کا اعلان
غزہ(صباح نیوز) سات ہفتوں کی لڑائی کے بعد فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان چار روزہ جنگ بندی کا آغاز ہوگیا،دوسری جانب اسرائیلی فوج نے عارضی جنگ بندی کے دوران بھی غزہ کے الشفا ہسپتال میں آپریشن اور حماس کی سرنگوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ر کھنے کا اعلان کر دیا۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر اور مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان چار روز کی جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا تھا جس کے پیش نظر قطر کے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے معاہدے پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا ہے جو اگلے 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گا ۔عرب میڈیا کے مطابق رفح کراسنگ سے ایندھن کے 2 اور گیس کا ایک ٹینکر غزہ میں داخل ہوگیا جبکہ غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقوں سے اسرائیلی فوجی طیاروں کی پروازیں بند ہو گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس اور اسرائیل کی جانب سے یرغمالیوں کو گروپ کی صورت میں رہا کیا جائے گا ۔مصر کا کہنا ہے غزہ میں ہر روز 130,000 لیٹر ڈیزل ، گیس کے چار اور 200 امدادی ٹرک داخل ہوں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحا میں غزہ جنگ بندی مانیٹر کرنے کیلئے آپریشنز روم قائم کیا گیا ہے، قطر عارضی جنگ بندی پر عملدرآمد کیلئے اسرائیلی فوج اور حماس سے براہ راست رابطے میں ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ عارضی جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید 150 فلسطینیوں کو رہا کیا جائے گا جبکہ مزاحمتی تنظیم 50صہیونیوں کو رہا کرے گی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عارضی جنگ بندی کے دوران بھی غزہ کے الشفا ہسپتال میں آپریشن جاری رکھیں گے اور حماس کی سرنگوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ لبنانی حکومت کو حزب اللہ کے خلاف اقدامات اٹھانے چاہئیں۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں اب تک 14 ہزار سے زائد نہتے فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں قطر کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے کے باوجوداسرائیل کی جانب سے رات سے فضائی، زمین اور سمندر سے شدید بمباری کی جارہی ہے۔ وفا خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک اور فلسطینی صحافی امل زہد اپنے اہل خانہ کے ساتھ غزہ میں شہید ہو گئے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں رات سے اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، جہاں جنگ کے آغاز سے اب تک 220 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔


