عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس پیشی،سخت سیکیورٹی انتظامات کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (صباح نیوز)سائفرکیس میںچیئرمین پی ٹی آئی( کل ) 28نومبر کو عدالت پیش ہونگے، سکیورٹی پلان آج (پیر کو) فائنل کیا جائیگا۔نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کیس کی سماعت کے لئے منگل 28 نومبر کو جوڈیشل کمپلیکس لایا جائے گا، سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے آج( پیر کو) اجلاس کریں گے۔قبل ازیں خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 28نومبر کے لئے طلبی کے سمن جاری کئے تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے جوڈیشل کمپلیکس تک لے جانے کے لئے ترجیحی انتخاب پشاور روڈ ہو گا۔ منگل کو ریڈ زون کو جزوی طور پر سیل کئے جانے جبکہ فیض آباد، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے پر دستوں کی تعیناتی کا امکان ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس کو پولیس اور نیم فوجی دستے گھیرے میں لیں گے، علاوہ ازیں جوڈیشل کمپلیکس کی طرف جانے والے پوائنٹس اور سڑکوں کو سیل کیے جانے کا امکان ہے۔


