بھارت، یونیورسٹی میں میوزیکل کنسرٹ کے دوران بھگدڑ ،4طلبا وطالبات ہلاک ،60زخمی
نئی دہلی (صباح نیوز)بھارت کی ریاست کیرالہ میں ایک یونیورسٹی میں میوزیکل کنسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے 4طلبا و طالبات ہلاک اور 60زخمی ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کی کوچن یونیورسٹی میں بالی وڈ کی مشہور گلوکارہ نکھیتا گاندھی کے میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا۔ انتظامیہ نے بتایا کہ یونیورسٹی کے کھلے آڈیٹوریم میں کنسرٹ رکھا گیا تھا جس میں ہزار سے 1500 افراد کی گنجائش تھی، صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب اچانک بارش شروع ہو گئی ، اسی دوران طلباو طالبات نے آڈیٹوریم کی سیڑھیوں سے بھاگنا شروع کیا، بارش کے باعث بھگڈر مچنے سے 2 طلبہ اور 2 طالبات موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ 60 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب کیرالہ کے وزیر صحت وینا جارج نے بتایا کہ ہسپتا ل میں زیرِ علاج زخمیوں میں 4 طالبعلموں کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ گلوکارہ نے طلبہ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔


