چار روزہ جنگ بندی میں توسیع، اسرائیل غزہ میں پوری طاقت سے حملے دوبارہ شروع کریگا
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں 4 روزہ جنگ بندی معاہدے کا آج آخری روز ہے جب کہ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے7 اکتوبر سے اب تک 215 فلسطینیوں کو شہیدکیا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 55 بچے شامل ہیں۔مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حالیہ حملوں میں ایک بچے سمیت 8 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اسرائیلی فورسز نے گزشتہ رات 60 سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔فلسطینی حکام کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں7 اکتوبر سے اب تک 3 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔خیال رہےکہ غزہ میں چار روز کی جنگ بندی میں اب تک مجموعی طور پر 175 افراد کو رہا کیا جاچکا ہے۔ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو بتا دیا ہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل پوری طاقت کے ساتھ غزہ پر حملے شروع کرے گا۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 14 ہزار 850 سے زائد فلسطینی شہید اور 36 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔


