جوڑ توڑ کی سیاست کرنیوالوں کی کوئی مقبولیت نہیں، یوم تاسیس کا مقصد عوام کے مسائل سننا ہے، شیری رحمن

کوئٹہ(یو این اے )پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ گزشتہ 55 سالوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کو انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔ ہماری جماعت نے 14 سے 18 سال حکومت کی اور ہمیشہ ملک کو آفتوں سے نکالاان خیالات کا اظہارانہوں نے (یواین اے) نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے انتخابات کا بارہا مطالبہ کرنے کے پیچھے بھی یہی مقصد ہے کہ عوام کو منتخب کرنے کا حق ملے۔ ہماری جماعت کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، ایوان میں اکثریت تک چھینی گئی پھر بھی ہماری لیڈر شپ کی بردباری کی وجہ سے ہم مخلوط حکومت بنانے میں کامیاب رہے۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حالات سے گھبراتی نہیں اگر آپ لوگ پہاڑ بنا کر ہمیں کھائی میں کودنے کا کہیں گے تو ہم ایسے موقع پر ڈریں گے نہیں۔ ہم ہمیشہ مشکل حالات میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہیںشیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سیاسی رہنماں کے ساتھ رابطے کر رہی ہے، یوم تاسیس کا اجتماع پارٹی کا پروگرام ہے، ہم نے یہاں آ کر کوئی جمعہ بازار نہیں لگایا کہ جو جو ٹکٹ لینا چاہے ہمارے پاس آ جائے۔ کسی بھی پارٹی کا حق ہے کہ وہ الیکشن میں کسی دوسری جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے انہوں نے کہاکہ اصل میں سیاسی اتحاد الیکشن کے بعد ہوتے ہیں۔ ملک میں صرف پیپلزپارٹی نے انتخابات کے انعقاد کے لیے بات کی باقی سیاسی جماعتوں کا تو کچھ اور ہی رخ تھا۔ اس وقت اس بات کی ضرورت ہے کہ جمہوری عمل کے لیے راہیں ہموار ہوںایک سوال کے جواب میں شیری رحمان نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے کئی سیاسی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے ہیں، مقبول جماعت وہی ہوتی ہے جو انتخابات میں عوام کے مسائل پر بات کرے، جوڑ توڑ کی سیاست کرنے والوں کی کوئی مقبولیت نہیں ہوتی۔انہوں نے کہاکہ اس وقت عوام میں صرف پیپلزپارٹی نکلی ہوئی ہے۔ ہماری جماعت نے الیکشن کا ماحول بنایا ہے، جب تک ماحول نہیں ہو گا تو گاڑی کیسے چلے گی، ہم نے بار بار بول کر انتخابات کی تاریخ تو لے لی ہے مگر ابھی تک انتخابات کا شیڈول سامنے نہیں آیا، افسوس ہے کہ ہمیں انتخابات کی تاریخ لینے کے لیے بھی زور لگانا پڑ رہا ہے۔شیری رحمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یوم تاسیس کے لیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، ہماری جماعت اس وقت خود ابھر کر سامنے آئی ہے، یوم تاسیس پر کوئٹہ میں پروگرام منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ عوام کے مسائل کو سنا جائے، جب بھی اندھیرا ہوتا ہے تو پیپلزپارٹی سب سے زیادہ متحرک دکھائی دیتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں