آمنہ بلوچ کی زیر صدارت برسلز میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری کا انعقاد
برسلز (اے پی پی) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستانی سفارت خانے نے جمعرات کو ای کچہری کا انعقاد کیا۔ پاکستانی سفارت خانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریب کی نظامت یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے کی۔ ای کچہری میں بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کو مختلف مسائل پر سوالات کرنے اور اپنے خیالات کے اظہار کا موقع ملا۔ سفیر نے پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی کے مختلف طریقہ کار اور سفارت خانے کی طرف سے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل اور کی معاونت کے حوالے سے اٹھائے گئے دیگر اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ سفیر آمنہ بلوچ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔ انہوں شرکا کو ای کچہری میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے سفارت خانے کی آﺅٹ ریچ کوششوں کو سراہا۔ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ سے یورپی یونین میں لیبیا کے سفیر جلال الاشی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ بیلجیئم میں پاکستانی سفارتخانہ کے ٹویٹ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور لیبیا کے مابین دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور امت مسلمہ کی حمایت کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


