گوادر اور دور افتادہ علاقوں میں ہائر ایجوکیشن کے حصول کو ممکن بنانا خوش آئند ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ( این این آئی) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ صوبے کے دورافتادہ علاقہ گوادر اور اس سے متصل علاقوں کے طلباءو طالبات کیلئے ہائیر ایجوکیشن کے حصول کو ممکن بنانا یقینا ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے یہ بات یقینی ہو جاتی ہے ملک و صوبے کے مستقبل کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی قلیل مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا کریڈٹ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کی پوری ٹیم کے سر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بہت باصلاحیت اور محنتی ہیں۔ ضروری مواقع اور سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار نہیں لا سکتے۔ اس سلسلے میں ہم نے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کا عزم کر رکھا ہیں تاکہ وہ بھی گھر بیٹھے آن لائن آف شور کمپنیوں کی مدد سے ماہوار لاکھوں روپے کمانے کے قابل ہو سکیں۔ گورنر نے کہا کہ آج کل تعلیم کے ساتھ کوئی جدید ہنر سیکھنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلر صاحبان پر زور دیا کہ وہ صوبے بھر کے نوجوانوں کو ڈگری یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ مہارت یافتہ بنانے میں مدد و رہنمائی فراہم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں