آصف زرداری کا بلاول کو اپنی پگڑی پہنانا خاموش پیغام تھا، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن نوٹس لے، جس پارٹی کی بنیاد ہی دھاندلی پر رکھی جائے وہ آگے کیا کرے گی۔اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سابق چیئر مین پی ٹی آئی کو اپنے لوگوں میں کوئی نہیں ملا، جئے بھٹو کا نعرہ لگانے والاجیالہ ہی ملا، گوہر علی خان نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج ایک الیکشن ہوا جس میں سلیکشن ہوئی، جن لوگوں کو بیساکھیوں سے لایا گیا آج انہوں نے اپنی روایات کو برقرار رکھا، پارٹی میں جنہوں نے الیکشن لڑنا تھا ان کو ووٹنگ کا لنک ہی نہ بھیجا گیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جس پارٹی کے اندرونی انتخابات میں دھاندلی ہو وہ آگے کیا کریں گے، ہمارا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ اب الیکشنز کو چیک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کہتا تھا کہ جو 2 بار الیکشن لڑے گا اس کو تیسری بار لڑنے کی اجازت نہ ہوگی، آج بھی ان کو چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی کا پرانا جیالا ملا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کبھی مفرور شخص بھی الیکشن لڑ کر جیت سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن بتائے کہ مستقبل میں کیا مفرور لوگوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہوگی؟۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے۔ بلاول بھٹو زرداری 7 دسمبر کو شانگلہ اور 10دسمبر کو کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پشاور میں ویمن کنونشن سے بھی خطاب کریں گے، کوئٹہ میں ہمارے ساتھ اہم شخصیات سمیت 3سابق ایم پی ایز نے بھی شرکت کی۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کوئٹہ سے سرد ہوائیں شروع ہوئیں اور اسلام آباد میں حالات تبدیل ہوئے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 8فروری الیکشن کے لئے شیڈول آئے گا تو پیپلز پارٹی اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ آصف زرداری نے اپنی پگڑی بلاول کو پہنائی، یہ لوگوں کے لیے خاموش پیغام تھا، ہم الیکشن کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے لئے کیا ہم نے کہا تھا؟ ایم کیو ایم ہر حکومت میں رہی ہے، وہ حکومت سے باہر نہیں رہ سکتے۔پی پی رہنما نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے میں بندر بانٹ کا سلسلہ جاری ہے، ہم نے ہمیشہ پی آئی اے کے ملازمین کا ساتھ دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں