جرمنی میں شدید برفباری، 760 پروازیں منسوخ

برلن(صباح نیوز) جرمنی میں شدید برفباری کی وجہ سے 760سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں اور پبلک ٹرانسپورٹ روک دی گئی ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی جرمنی میں شدید برف باری کے باعث معمولات زندگی ادا کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، شدید برفباری کے باعث میونخ ایئرپورٹ پر 760 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔میونخ کی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ برفباری کی وجہ سے بسیں، ٹرام اور ٹرینیں معطل کی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ میونخ کا مرکزی ٹرین سٹیشن لوگوں کے لئے بند کردیا گیا جبکہ بڑے روٹ پر جانے والی ٹرینیں مکمل طور پر بند رہیں، آج (پیر تک) سروس معطل رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں حکام نے شہریوں کو بلاضرورت سفر کرنے سے روکتے ہوئے انہیں اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں