اے این یف کی کارروائی، 9 رکنی منشیات سمگلرگروہ گرفتار

کوٹ مومن (صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے عملے نے 4 خواتین سمیت 9 رکنی منشیات کی سمگلنگ کرنے والے گروہ کو کوٹ مومن سے گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی ہے۔بین الصوبائی سمگلنگ گروہ خواتین کے ذریعے پنجاب کے مختلف شہروں میں منشیات کی سمگلنگ میں ملوث تھا جو ایک خاندان کے بھیس میں کوٹ مومن میں کرائے کے مکان میں مقیم تھا۔اینٹی نارکوٹیکس کی کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی ایک میٹرک ٹن (1 ہزار کلو گرام سے زائد)منشیات برآمد کی گئی۔اے این ایف ٹیم نے کوٹ مومن کے قریب 3 گاڑیوں کو تلاشی کے لئے روکا، دورانِ تلاشی گاڑیوں سے مجموعی طور پر 703 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ دورانِ تفتیش ملزمان نے کوٹ مومن میں واقع مکان میں منشیات کی موجودگی کا انکشاف کیا۔ملزمان کی نشاندہی پر اے این ایف کی ٹیم نے مکان پر بر وقت چھاپہ مار کارروائی کی، جس کے نتیجے میں گھر سے 398 کلو گرام افیون برآمد کر کے 4 خواتین کو گرفتار کر لیا۔اینٹی نارکوٹکس کے مطابق ملزمان خیبر پختون خوا سے منشیات اسمگل کر کے مذکورہ مکان میں سٹور کرتے تھے، ملزمان منشیات کو پنجاب کے دیگر اضلاع میں سپلائی کرتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں