سائفر کیس کی کارروائی پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی کارروائی پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی۔عدالت نے آج کی سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر کیس کی کوئی کارروائی نشر نہیں ہوگی، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو اس حوالے سے حکم پر پابندی کی ہدایت کی جاتی ہے۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ اگر کوئی بھی خلاف ورزی ہوئی تو اس پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، پیمرا اور پی ٹی اے کو عدالتی حکم کی کاپی فراہم کی جائے تاکہ آئندہ خلاف ورزی نہ ہو۔عدالت نے کہا کہ سائفر کیس کا ٹرائل ان کیمرا کرنے کی پراسیکیوشن کی درخواست منظور کی جاتی ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی فیملی ٹرائل میں مشروط طور پر موجود ہوگی۔عدالت کا تحریری حکم میں کہنا تھا کہ شرط ہوگی کہ عدالتی کارروائی کو خاندان کے اراکین کسی جگہ بیان نہیں کریں گے، ٹرائل کی کارروائی کے دوران پبلک موجود نہیں ہوگی۔


