9 برس پہلے آج کے دن شدت پسندوں نے آرمی پبلک سکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پوری قوم سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں غم زدہ ہے، طاہرہ قاضی اور اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگوں کو بزدل شدت پسند کبھی ہرا نہیں سکتے ۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ 9 برس پہلے آج کے دن شدت پسندوں نے آرمی پبلک سکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا، یہ ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مستقبل، ہمارے چمن کی ننھی کونپلوں کو روند کر قوم کا حوصلہ پست کرنے کی ناکام کوشش کی، آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے نے اس قوم کا عزم مضبوط تر کیا، قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی۔نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ پرنسپل طاہرہ قاضی، نہتے اساتذہ طالب علموں کو بچانے کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور جاں بحق ہوئے، یہ دن ان عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انسانی تاریخ میں قربانی کی ایسی تابندہ مثالیں بہت کم ملتی ہیں، پاکستان تخریب کاری کی جنگ جیت چکا ہے، دشمن کے پاکستان میں شر انگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیئے ۔انہوںنے کہا کہ طاہرہ قاضی اور اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگوں کو بزدل شدت پسند کبھی ہرا نہیں سکتے، پاکستان کو اپنے ان عظیم شہدا اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، پوری قوم سانحہ آرمی پبلک اسکول کی یاد میں غم زدہ ہے۔ نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس عفریت کے خلاف متحد ہے، شدت پسندوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا واضح پیغام ہے، پاکستانی قوم متحد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں