پاکستان کے افغان مہاجرین کو شمالی افغانستان میں بسائے جانے پر روس کو تشویش

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سے افغانستان واپس بھیجے جانے والے مہاجرین کو شمالی افغانستان میں بسائے جانے پر روس نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور تخریب کاری کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ دوسری جانب کابل نے کہا ہے کہ تاجکستان سے ملنے والی سرحد کی بھرپور حفاظت کی جارہی ہے۔ افغانستان کی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ افغان ٹی وی کے مطابق تاجکستان کے لیے روس کے سفیر سیمین گریگورییف نے حالیہ دنوں کہا کہ افغانستان کی حکومت اپنے عزم کے مطابق سرحدوں کی حفاظت کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان سے جن افغان پناہ گزینوں کو وطن واپس بھیجا جارہا ہے ان میں تخریب کار بھی شامل ہیں۔ ان پاکستان سے واپس آنے والوں میں سے بہت سوں کو شمالی افغانستان میں بسایا جارہا ہے۔ تاجک سرحد کے حوالے سے روسی سفیر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کابل حکومت کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان اپنے عزم پر قائم ہے کہ کسی بھی فرد، گروہ یا ملک کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ زین اللہ مجاہد نے طلوع نیوز سے گفتگو میں کہا کہ جن افغان پناہ گزینوں کو پاکستان نکال رہا ہے انہیں پہلے شناخت کیا جاتا ہے اور اس کے بعد ہی انہیں افغانستان میں داخل ہونے دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی بھی گروہ کو افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں