پی ٹی آئی میں ٹکٹوں کی تقسیم پر تنازع، 4 کروڑ روپے میں فروخت کا انکشاف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف میں امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے سے پہلے ٹکٹوں کی تقسیم پر تنازع کھڑا ہوگیا، شیر افضل مروت گروپ بیرسٹرگوہر اور پارٹی کی مرکزی قیادت کے سامنے آگیا۔ پی ٹی آئی کے سینیئر نائب صدر شیر افضل مروت نے ٹکٹوں کی تقسیم میں پنجاب کے مقابلے میں خیبر پختونخوا انصاف لائرز فورم کو نظر انداز کیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی میں آئی ایل ایف نے جیل اور مقدمات برداشت کیے ، امید ہے بانی پی ٹی آئی اس کا نوٹس لیں گے۔ تناز ع سے متعلق مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ابھی تو امیدواروں کی لسٹ فائنل نہیں ہوئی ، ابھی سے اعتراض درست نہیں ، وقت کی کمی کی وجہ سے سب کے انٹرویو نہیں ہوسکے ، خان صاحب معاملے کو دیکھ رہے ہیں ، کسی کو مایوسی نہیں ہوگی۔دوسری جانب ٹکٹوں کی تقسیم پر آئی ایل ایف کے ساتھ انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے کارکن بھی ناراض ہوگئے اور پارٹی ٹکٹ چار چار کروڑ روپے میں بیچے جانے کا الزام لگا دیا۔ شیر افضل مروت کے ساتھی سعود شاہ روغاعی کاکہناہے کہ بیرسٹرگوہر بلیک میل ہونا بند کریں ،چار چار کروڑکا ٹکٹ بیچا جا رہا ہے ،بتا سکتا ہوں کون کیا کر رہا ہے میں نے اور شیرافضل مروت نے 9 مئی کے بعد پارٹی کو بچایا۔ سعود شاہ روغاعی کاکہناتھاکہ شیر افضل مروت نےجن امیدواروں کےانٹرویوکیے انہیں ٹکٹ جاری کیے جائیں چاہئیں لیکن بیرسٹرگوہر اور ساتھی اپنے مفادات دیکھ رہے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر اراکین کی جانب سے رات کے وقت ایک اور پریس کانفرنس میں ٹکٹوں کے لیے فائنل ناموں کی فہرست بھی جاری کی گئی جن میں بیرسٹر گوہر خان،عمر ایوب خان اورشیر افضل مروت کے نام بھی شامل ہیں۔


