اسرائیلی فورسز کی بمباری کے بعد غزہ ناقابلِ رہائش ہو چکا ہے،اقوام متحدہ

غزہ (صباح نیوز)اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے امور کے سربراہ مارٹن گریفتس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسلسل بمباری کے بعد غزہ ناقابلِ رہائش ہو چکا ہے۔ گریفتس نے ایک بیان میں کہا کہ سات اکتوبر 2023 سے جاری خوفناک حملوں کے تین ماہ بعد، غزہ موت اور مایوسی کی جگہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ ناقابل رہائش ہو گیا، اس کے لوگوں کے وجود کو روزانہ خطرات کا سامنا ہے جبکہ دنیا صرف دیکھ رہی ہے۔ انسانی برادری کو 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی مدد کا ناممکن مشن درپیش ہے۔گریفتس نے کہا کہ ہم مسلسل جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں، نہ صرف غزہ کے لوگوں اور خطرے سے دوچار اس کے پڑوسیوں کے لئے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے جو ان 90 دنوں کے جہنم اور انسانیت کے بنیادی اصولوں پر ہونے والے حملوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ کبھی شروع نہیں ہونی چاہیے تھی، لیکن اس کے ختم ہونے میں بہت وقت گزر چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں