رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں مزید 5 بچے شہید
غزہ(صباح نیوز) اسرائیل کی نہتے فلسطینیی شہریوں کے خلاف جارحیت رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ رفح پر تازہ حملوں میں مزید 5 بچے شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے رفح کے پناہ گزین کیمپ پر بم برسا دئیے جس کے نتیجے میں 5 بچے شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں میں 147فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیلی فورسز کی دیر البلاح کے علاقے میں الاقصی شہدا ء ہسپتال کے قریب بمباری میں 40افراد شہید اور زخمی ہوئے۔7اکتوبر 2023سے غزہ پر حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 23ہزار 357سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 59ہزار 410ہے۔ امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فلسطینی صدر غزہ کا کنٹرول سنبھالنے اور فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کرنے کے لیے تیار ہیں۔


