بلوچ لاپتا افراد اور ساحل و وسائل پر ہمیشہ موثر آواز اٹھائی ہے، بی این پی

کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام حلقہ پی بی 41، 42 اور 43 کے یونٹوں کا مشترکہ اجلاس منو جان روڈ ہدہ میں پارٹی کے مرکزی فائنانس سیکریٹری میر اختر حسین لانگو کی رہائش گاہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے کی جبکہ مہمان خاص میر اختر حسین لانگو اور اعزازی مہمانان مرکزی لیبر سیکریٹری موسی بلوچ اور این اے 263 کے امیدوار و سابقہ میئر کوئٹہ مقبول احمد لہڑی تھے۔ اجلاس میں یونٹ عہدیداران اور سینئر راہنماوں نے بھر پور شرکت کی، مقررین نے جنرل الیکشن کے سلسلے میں تجاویز پیش کیے اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس وقت بلوچستان کا واحد نمائندہ جماعت بی این پی ہے جو بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے۔ اس کے علاوہ ساحل و وسائل کی دفاع اور مسنگ پرسنز کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہی ہے، عوام کے تمام بنیادی مسائل سے کما حقہ آگاہی رکھنے اور ان کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے منشور میں تعلیم، صحت، بجلی، گیس اور پانی کے فراہمی سر فہرست ہے جس میں اعلی تعلیمی اداروں کے قیام اور علاج معالجہ کی سہولیات کو بلوچستان کے پسماندہ علاقوں، گاں اور چھوٹے شہروں تک پھیلانے کا عزم رکھتی ہے۔ اجلاس میں تمام اتحادی جماعتوں سے مل کر الیکشن لڑنے کا اعادہ کیا گیا اور جلد ہی عوامی رابطہ مہم اور انتخابی دفاتر کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے اور سیاست عبادت ہے، ہماری پارٹی کا منشور اور جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ کارکنوں کی انتھک محنت، جوش و خروش اور قائد بلوچستان سردار اختر جان مینگل کے ساتھ دلی لگا کو دیکھ کر ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ آنے والے الیکشن میں عوام کی بھرپور حمایت سے ہم نمایاں کامیابی حاصل کریں گے۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکریٹری جمال لانگو، انفارمیشن سیکریٹری اور حلقہ پی بی 42 کے امیدوار نسیم جاوید ہزارہ، اکبر مینگل، زعفران مینگل، حاصل خان رند، کپٹن محمد علی، مبارک ہزارہ، خالد سخی اور دیگر نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں