مالدیپ کے صدر نے بھارت کو اپنی فوجیں ملک سے نکالنے کا الٹی میٹم دیدیا
بھارت اور مالدیپ کے تعلقات میں کشیدگی پائی جارہی ہے اور مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے بھارت کو اپنی فوجیں مالدیپ سے نکالنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مالدیپ نے کہا ہے کہ بھارت مالدیپ کے علاقے سے بھارتی فوجیوں کو 15 مارچ تک واپس ب±لالے۔مالدیپ کے صدر محمد معیزو کے سیکرٹری کا کہنا ہے کہ صدر محمد معیزو کی پالیسی کے تحت بھارتی فوجی مالدیپ میں نہیں رہ سکتے۔بھارتی وزارت خارجہ نے خبر پر ابھی کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔خیال رہے کہ مالدیپ میں نئے صدر محمد معیزو کی حکومت بننے کے بعد سے بھارت اور مالدیپ کے تعلقات کشیدہ ہیں۔3 ماہ قبل مالدیپ کے صدر منتخب ہونے والے محمد معیزو نے الیکشن میں ‘انڈیا آﺅٹ’ کا نعرہ لگایا تھا اور مالدیپ سے بھارتی فوج کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔ صدر منتخب ہونے کے بعد محمد معیزو نے اپنے پہلے دورے کے لیے روایت سے ہٹ کر بھارت کے بجائے ترکی اور چین کا انتخاب کیا تھا اور بھارت سے باضابطہ طور پر اپنے ملک سے بھارتی فوجی اہلکاروں کو واپس بلانے کی درخواست کی تھی۔ محمد معیزو کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت ملک کے تزویراتی اہمیت والے علاقے سے بھارتی فوج کو واپس بھیجنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالدیپ میں 100 کے قریب بھارتی فوجیوں کا دستہ 1988 سے تعینات ہے، جو جہاز اڑانے، تربیت اور سرویلنس سمیت دیگر غیر جنگی امور کے لیے موجود ہیں۔ اس وقت کی حکومت کی درخواست پر بھارتی فوجیوں کو بغاوت کے خطرات اور سری لنکا کے تامل ٹائیگرز سے حفاظت کے پیش نظر تعینات کیا گیا تھا۔


