جنگ گروپ کے الزامات من گھڑت ہیں، نیب
اسلام آباد:نیب نے جنگ گروپ کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد، من گھڑت، لغو، جھوٹے اور حقائق کے منافی قرار دیکر یکسر مسترد کردیاہے اور کہا ہے کہ نیب ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دینے پر یقین رکھتا ہے، نیب فیس نہیں بلکہ کیس دیکھنے کی پالیسی پر سختی سے یقین رکھتا ہے،میڈیا کیس کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کرے اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے ارشد شریف کیس میں فیصلہ کی روشنی میں نیب کے متعلق خبر نشر کرنے سے پہلے ترجمان نیب سے مؤقف لے۔ جمعرات کو قومی احتساب بیورو(نیب) کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ نیب جنگ گروپ کی طرف سے نیب پر لگائے گئے بے بنیاد، من گھڑت، لغو، جھوٹے اور حقائق کے منافی الزامات کو یکسر مسترد کرتاہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیب ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دینے پر یقین رکھتا ہے، نیب فیس نہیں بلکہ کیس دیکھنے کی پالیسی پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔ نیب ہمیشہ آزادی صحافت پر سختی سے یقین رکھتا ہے مگر کسی دباؤ، دھمکی، پریشر اور بے بنیاد پراپیگنڈہ کی پرواہ کئے بغیر مبینہ طور پر بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق اپنی قومی ذمہ داری اور فرائض سرانجام دیتا رہے گا۔ میر شکیل الرحمان کو آج جمعہ کو احتساب عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا جہاں پر نیب قانون کے مطابق اپنا مؤقف پیش کرے گا۔ نیب نے میڈیا سے کہا ہے کہ نیب کے بارے میں خصوصاً کیس کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے ارشد شریف کیس میں فیصلہ کی روشنی میں نیب کے متعلق خبر نشر کرنے سے پہلے ترجمان نیب سے نیب کا مؤقف لیا جائے۔