انتخابات سے قبل پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

اسلام آباد (انتخاب نیوز) ملک میں عام انتخابات سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ خبر کے مطابق اگلے پندرہ روزہ جائزے میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کا امکان ہے، جس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ رپورٹ میں ایک سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ حکومت جو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارشات کی بنیاد پر ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ایڈجسٹ کرتی ہے، اس میں 31 جنوری 2024 کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع اضافہ یکم نومبر 2023 سے مقامی قیمتیں مستحکم رہنے یا اس میں کمی دیکھنے کے بعد آئے گا۔ تیل کے شعبے سے وابستہ ایک اہلکار نے کے مطابق گزشتہ تین مہینوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کچھ کمی دیکھنے کے بعد اس بار صورتِ حال مختلف ہونے کا امکان ہے۔ مشرق وسطیٰ، خاص طور پر حوثیوں کے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کے بعد یمن میں ان کے خلاف امریکا اور برطانیہ کی جانب سے حملے شروع ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی قیمتوں میں متوقع اضافہ ہائی اسپیڈ ڈیزل ، پیٹرول اور خام تیل کی عالمی قیمتوں پر مبنی ہے، جن میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چار سے پانچ ڈالر کا اتار چڑھاو¿ آیا ہے۔ ایک ہفتے میں پیٹرول کی بین الاقوامی قیمت 83 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 89 ڈالر فی بیرل ہو گئی جبکہ پائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت ایک ہفتے میں 93 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 97 سے 98 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ خام تیل کی بین الاقوامی قیمت 76 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 80 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں