آزاد امیدواروں کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع مت کریں ، بلاول بھٹو
پشاور (انتخاب نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بانی پی ٹی آئی پر تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کہتا تھا این آر او نہیں دوں گا، آج وہ سب سے بات کرنے کو تیار ہے، سب کو جیلوں میں ڈالوں گا، آج خود جیل میں ہے۔ پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ ہم خان صاحب کو یہ بات سمجھاتے رہے کہ اگر گرفتار کرنا ہے تو مردوں کو کرو عورتوں کو نہیں، کہتے رہے کہ نفرت کی سیاست نہ کرو، انہوں نے سرپرائز کہہ کر اپنی ہی حکومت کو ختم کیا، آپ کو سرپرائز اب کیسا لگ رہا ہے؟ بلاول کا کہنا تھا کہ جو قائد عوام کی بیٹی پر ظلم کرتے تھے ان کو اپنی بیٹی کو گرفتار ہوتے دیکھنا پڑا، میں اپنی حکومت میں سیاسی مخالفین کی بیٹیوں اور بہنوں کو گرفتار نہیں کروں گا، جوکہتا تھا این آر او نہیں دوں گا۔ آج وہ سب سے بات کرنے کو تیار ہے، آپ نے تین تین بار نواز دیکھا، آپ دکھائیں یہ کتنا سچا نواز ہے، پاکستان کو ایٹم بم کا تحفہ ذوالفقار علی بھٹو نے دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ن لیگ اشرافیہ کی اور پیپلز پارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے سی پیک کا پیسا اورنج ٹرین پر ضائع کیا، سی پیک کے معاہدوں پر نواز شریف کے وزیراعظم بننے سے پہلے دستخط ہوچکے تھے، سی پیک کے دوروں پر ن لیگ والے صدر زرداری پر تنقید کیا کرتے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، اب مقابلہ تیر اور شیر کے درمیان ہے، اگر ہم نے شیر کا راستہ روکنا ہے تو تیر پر ٹھپا لگانا ہے، آزاد امیدواروں کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع مت کریں۔


