سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرلی
کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے چار سالہ بچی سمیت چار لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر تفتیشی افسر سے جے آئی ٹی رپورٹ طلب کرلی۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں چار سالہ بچی سمیت چار لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔لاپتا بچی کی والدہ نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ میری چار سالہ بیٹی 14 اگست کو مزار قائد سے لاپتا ہوئی اب تک کچھ معلوم نہیں کہ بچی کہاں ہے اور نہ ہی پولیس کچھ کر رہی ہے اور نہ نہ کوئی مدد کر رہا ہے۔بچی کی والدہ نے کہا کہ پتہ نہیں میری بچی کس حال میں ہوگی۔تفتیشی افسر نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس ہوچکا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کہاں ہے؟تفتیشی افسر نے بتایا کہ رپورٹ کل تک ملے گی۔عدالت نے تفتیشی افسر سے جے آئی ٹی رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواستوں کی مزید سماعت 16 فروری تک ملتوی کردی۔


