مچھ شہر پر قبضہ کرنے والوں نے شکست خود قبول کرلی، جان اچکزئی
کوئٹہ(یو این اے )نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ کل تک بی ایل اے مچھ شہر کو اپنے قبضے میں ہونے کا پروپیگنڈہ کر رہی تھی آج اسی تنظیم نے اپنی شکست کو خود قبول کرلیا "وقل جا الحق وزہق الباطِل اِن الباطِل ان زہوقا” اور کہو کہ : حق آن پہنچا، اور باطل مٹ گیا، اور یقینا باطل ایسی ہی چیز ہے جو مٹنے والی ہے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ ہم اپنی سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ان کو انکے قدموں پر گرا دیا۔ یہ بزدل مچھ شہر میں موجود قبائلی عوام کے گھروں میں چھپ گئے تھے مگر ہماری سیکورٹی فورسز نے عام آبادی کو نقصان پہنچائے بغیر ان بزدلوں کو ہر طرف سے نکال باہر کرتے ہوئے شکست سے دو چار کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ جلد ہی آمدورفت کے زرائع بحال کر کے علاقے کی خوشیاں بحال کی جائیں گی۔ ہمیں اپنی فورسز کی بہادری اور جرات پر فخر ہے جو ہر قسم کے چیلنج سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔


