فضل الرحمن کے بیٹے اسد محمود کے حق میں اے این پی اور ن لیگ دستبردار ہوگئے

ڈی آئی خان (انتخاب نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسد محمود کے حق میں مسلم لیگ (ن) اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار دستبردار ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود کا کہنا تھاکہ این اے 43 پر ن لیگ اور اے این پی کے امیدوار میرے حق میں دستبردار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 115 پر ن لیگی امیدوار اکبر گنڈا پور جے یو آئی کے حق میں دستبردار ہوئے اور اس کے علاوہ پی کے 112 پر عبدالرحیم بھی دستبردار ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور اے این پی کی قیادت اور امیدواروں کے شکر گزار ہیں۔ مولانا اسعد محمود نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے رویے سے ملک کو اس حال میں پہنچایا، وہ آج جس انجام کو پہنچے ہیں اس کا آغاز خود کیا تھا۔ خیال رہے کہ مولانا اسعد محمود قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 ٹانک سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں