لاڑ کانہ اور شکار پور میںانتخابی بے ضابطگیوں کی ویڈیوز جاری ہونے سے ہلچل
کراچی(این این آئی) جے یو آئی نے لاڑکانہ اور شکارپور میں مبینہ بے ضابطگیوں کی ویڈیوز جاری کر دیں اور کہاکہ انگوٹھوں کے نشان چیک کرائیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے خطاب پر جے یو آئی سندھ کا ردعمل سامنے آگیا۔جے یو آئی نے لاڑکانہ اور شکارپور میں مبینہ بے ضابطگیوں کی ویڈیوزجاری کردیں، رہنما راشد سومرو نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹونے ٹھٹھہ کے جلسے میں کہاتھا دھاندلی ہوئی توثبوت دکھائیں،جے یوآئی نے دھاندلی کی تحریری شکایات بھی آراوکو جمع کرائی تھیں۔انہوں نے کہاکہ ویڈیو میں انتخابی عملے کے پاس درجنوں شناختی کارڈدکھائے گئے ہیں، ایک ویڈیو میں تیر پر پہلے سے اسٹیمپ لگے ہوئے بیلٹ پیپر دیکھے گئے۔راشد سومرو نے کہا کہ ہم نےانتخابی دھاندلی کی شکایات الیکشن کے دن ہی کی تھیں، ڈی آر او آراو،ریجنل الیکشن کمشنرکوبھی شکایات جمع کرائیں، شواہد کے ساتھ پٹیشن کے ذریعے ہائی کورٹ سے رجوع کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انگوٹھوں کے نشان چیک کرائیں،دودھ کا دودھ پانی کاپانی ہوجائے گا۔


