سندھ ہائیکورٹ کا پی ٹی اے کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس بحال کرنے کا حکم

کراچی (انتخاب نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کو ملک بھر میں تعطل کا شکار سماجی رابطے کی سائٹ ایکس بحال کرنےکا حکم دیدیا۔ عدالت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایکس سروس بغیر کسی خلل اور بندش کے بحال رکھی جائے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ وزیر داخلہ نے بیان دیا ہے ایکس بند کرنے کی ہدایت جاری نہیں کی گئی، نگران وزیر آئی ٹی نے بیان دیا کہ انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کو چار چاند لگا دیئے ہیں، وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر آئی ٹی وی پی این لگا کر ایکس استعمال کرکے قوم کو بتا رہے ہیں کہ ایکس بند نہیں ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی نے استفسار کیا کہ کون سائٹس بند کرتا ہے کس نے حکم دیا ہے بند رکھنے کا؟ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ایکس بند رکھنے، سروس کو سلو رکھنے کا اختیار صرف پی ٹی اے کے پاس ہے، پی ٹی اے سے پوچھا جائے کس نے ایکس بند رکھنے کی ہدایت جاری کیں؟ وکیل درخواست گزار نے مزید کہا کہ صحافیوں اور جن کی روزی روٹی ایکس سے وابستہ ہے انہیں شدید مشکلات ہیں، ذرائع ابلاغ اور ریسرچ سے وابستہ لاکھوں افراد کو ایکس کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے، غزہ، فلسطین کو ایڈز فراہم کرنے والوں اور معلومات تک رسائی کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔ جسٹس عقیل احمد عباسی کا کہنا تھا کتنے دن سے ایکس سروس بند ہے؟ ہم نے پہلے بھی ایک درخواست میں انٹرنیٹ سروس کھولنے کا حکم دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں